دبئی میں سنسنی خیز مقابلہ، پاکستان کا بنگلادیش پر 11 رنز سے فتح
SPORTS
9/25/20251 min read


پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے میں بنگلادیش کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی
ایشیا کپ 2025 کے سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلادیش کو 11 رنز سے ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا یہ میچ سنسنی خیز لمحات سے بھرپور رہا، جہاں شائقین کرکٹ نے دونوں ٹیموں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔
پاکستان کی اننگز: محتاط آغاز اور درمیانی شراکتیں
پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنائے۔ محمد حارث 31 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، جب کہ محمد نواز نے 25 رنز اسکور کیے۔ کپتان سلمان آغا اور شاہین شاہ آفریدی نے بھی 19،19 رنز کی مفید اننگز کھیلیں۔ تاہم اوپنر صائم ایوب ایک بار پھر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے اور کیریئر میں نویں مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوکر شاہد آفریدی کا ریکارڈ پیچھے چھوڑ دیا۔
بنگلادیش کا ہدف کے تعاقب میں جدوجہد
136 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کی ٹیم 9 وکٹوں پر 124 رنز تک محدود رہی۔ شمیم حسین 30 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے، تاہم باقی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3،3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
فائنل: پاکستان بمقابلہ بھارت
ایشیا کپ 2025 کا فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا، جو روایتی حریفوں کے درمیان ایک اور بڑا ٹاکرا ہوگا۔ شائقین کرکٹ اس میچ کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔